بری طرح مار کھانے کے بعد یورپی ملک کی فوج میدان جنگ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی
باکو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ
ترین۔29 ستمبر ۔2020ء) آذربائیجان نے آرمینیا کی فوج کے پرخچے اڑا دیے، بری طرح مار
کھانے کے بعد یورپی ملک کی فوج میدان جنگ چھوڑ کر بھاگنے پر
مجبور ہوگئی۔ ترک خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق
آذربائیجان کی وزارت دفاع نے ایک فوٹیج جاری کی ہے جس میں آرمینیا کی فوج کی مقبوضہ ناگورنو کاراباخ سے
پسپائی دکھائی گئی ہے۔
آذربائیجان کی وزارت دفاع کے
مطابق آذربائیجان کی فوج نے بھاری توپ خانے کے ساتھ
آرمینیا کی فوج پر جوابی وارکیا جس کے بعد
آرمینیائی فوج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمینیا
اور آذربائیجان کی جنگ میں ترکی بھی شریک ہوگیا ہے۔ آرمینیا کی
وزارت دفاع نے اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ترکی کے ایف 16 جنگی طیارے نے آرمینیا
کے ایس یو 25 فائٹر جیٹ کوآرمینیا کی حدود میں مار گرایا۔
جبکہ آذربائیجان عسکری ذرائع کے
مطابق اس کاروائی کے دوران آرمینیا کے فائٹر جیٹ کے پائلٹ کی ہلاکت بھی ہوئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آذربائیجان کی فضائی حدود سے کیا
گیا تھا۔ دوسری جانب آذربائیجان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ترکی کے ایف 16فائٹر طیارے ان کے
طیاروں کے ساتھ آرمینیا کے خلاف جنگ میں شریک ہیں۔ آج ترکی کی جانب سے بھی کھل کر
آذربائیجان کی جنگ یا امن میں مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
ترک دفتر خارجہ کے مطابق آذربائیجان پر حملہ ترکی پر حملہ تصور کیا جائے گا اور ترکی اس کا بھرپور جواب دے گا۔ تاہم ترکی نے آرمینیا کا ایس یو 25 جنگی
طیارہ مار گرانے کی تصدیق نہیں کی۔ واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق
آذربائیجان اور آرمینیا کے سرحدی متنازعہ علاقے ناگورنو کاراباخ میں گزشتہ چار روز
سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک تقریباََ 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں فوجیوں کے
علاوہ عام لوگ بھی شامل ہیں۔
متنازعہ علاقے ناگورنو کاراباخ
پر قبضے کی جدوجہد میں آزربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گزشتہ اتوار کو دوبارہ سے
لڑائی شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں آرمینیا کے درجنوں فوجی ہلاک ہو چکے جبکہ بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ ناگورنو کاراباخ
آذربائیجان کا علاقہ ہے جس پر آرمینیا نے مقامی قبائل کے ذریعے قبضہ کر رکھا ہے۔
اس علاقے کے قبضے کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے درمیان کئی مرتبہ خونریز جنگیں ہو
چکیں۔ گزشتہ اتوار کو شروع ہونے والی لڑائی کئی برس کے دوران سب سے شدت والی لڑائی
قرار دی جا رہی ہے۔ آذربائیجان کا دعویٰ ہے کہ اس کی فوج نے ناگورنو کاراباخ کے کچھ
علاقوں کا آزاد بھی کروا لیا ہے۔
No comments:
Post a Comment